مستعفی نہیں ہورہا، مظاہرین کی قانون شکنی پر کارروائی کرینگے، تھائی وزیراعظم

October 16, 2020

تھائی لینڈ کے وزیراعظم نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفی نہیں ہورہے اور ملک میں مظاہروں پر عائد پابندی 30 دن تک جاری رہے گی۔

تھائی لینڈ میں جمہوریت کے حامیوں نے آج بھی احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔

تھائی وزیراعظم پرایوتھ چان اوچا نے مظاہرین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پابندی کی خلاف ورزی کی گئی توحکومت قانون کااستعمال کرے گی۔

گزشتہ روز بھی بنکاک میں مظاہرین نے بڑی تعداد میں جمع ہوکرحکومت کیخلاف احتجاج کیا تھا۔

تین روز قبل شاہی قافلے کے سامنے احتجاج کرنے والے دو کارکنوں نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

تھائی لینڈ میں تین ماہ سے جمہوریت کے حامیوں کے مظاہرے جاری ہیں۔ مظاہرین کی جانب سے تھائی بادشاہ کے اختیارات کم کرنے اور تھائی وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔