آذربائیجان، آرمینیا کا 1 اور جنگ بندی کا اعلان

October 18, 2020


آذربائیجان اور آرمینیا نے ایک اور عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے، غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سیز فائر پر مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجے عمل درآمد ہو گا۔

روس کے وزیرِخارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان جنگ بندی کے معاملے پر آرمینیا اور آذربائیجان کے ہم منصبوں سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔

روسی وزیرِخارجہ نے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران گزشتہ ہفتے روس میں ہونے والے سیز فائر معاہدے پر عمل درآمد پر زور دیا۔

روسی وزیرِخارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان تنازع کے حل کے لیے جامع مذاکرات کی اہمیت پر اتفاق ہوا ہے۔

واضح رہے کہ ناگورنو کاراباخ کے تنازع پر دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ ماہ جھڑپیں شروع ہوئی تھیں، ان جھڑپوں میں اب تک 700 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔