کراچی کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش

October 18, 2020

ہفتے بھر کی گرمی اور لو کی لپیٹ میں رہنے کے بعد شہرِ کراچی کو بادلوں نے گھیرے میں لے لیا جس سے موسم خوش گوار ہو گیا جبکہ کئی علاقوں میں ہلکی بارش بھی ہوئی۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی بحیرۂ عرب میں ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن میں تبدیل ہو چکا ہے، یہ ڈپریشن کراچی کے جنوب مغرب میں 730 کلو میٹر دور بحیرۂ عرب میں موجود ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق بحیرۂ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے، ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار نہیں کر رہا جس کی وجہ سے کراچی میں بارش کا امکان کم ہے تاہم کہیں کہیں مزید بوندا باندی ہوسکتی ہے۔

سسٹم مغرب اور جنوب مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے، جس سے ٹھٹھہ، بدین، تھر پارکر اور عمر کوٹ میں کہیں ہلکی، کہیں معتدل بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہےکہ سسٹم کے مرکز کے قریب سمندر میں طغیانی کی کیفیت رہے گی، اس لیے ماہی گیر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔


بحیرۂ عرب میں موجود ہوا کا کم دباو اگر شدت اختیار کرتا ہے تو گرد آلود تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، جس سے درجۂ حرارت 36 سے 38 کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

شہر میں شمال مشرقی سمت سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 23 فیصد کے قریب رہا۔