بھارتی اداکارہ تمنا بھاٹیا کورونا وائرس سے صحتیاب

October 19, 2020

گزشتہ دنوں عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہونے والی بھارتی اداکارہ تمنا بھاٹیا نے عالمی وبا کو شکست دے دی ہے اور اس ضمن میں اُنہوں نے سوشل میڈیا پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر تمنا بھاٹیا نے اس اسپتال کے طبی عملے کے ساتھ اپنی کچھ تصویریں پوسٹ کی ہیں جہاں وہ کورونا وائرس کے دنوں میں زیرِ علاج تھیں۔

تمنا بھاٹیا نے انسٹاگرام پر تصویریں پوسٹکرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے پاس بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں کہ میں اسپتال کے ڈاکٹرز، نرسوں اور دیگر عملے کی کس قدر شُکرگُزار ہوں۔‘

بھارتی اداکارہ نے لکھا کہ’جب مجھے کورونا وائرس ہوا تو میں اُس وقت خود کو بہت کمزور اور خوفزدہ محسوس کررہی تھی لیکن اسپتال کے عملے نے مجھے ہمت دی۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’اسپتال کے عملے کے پیار، محبت، خلوص اور دیکھ بھال نے ناصرف میراخوف ختم کیا بلکہ مجھے صحتیاب بھی کیا۔‘

واضح رہے کہ تمنا بھاٹیا رواں ماہ کی شروعات میں عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوئی تھیں،تمنا بھاٹیا ویب سیریز کی شوٹنگ کے لیے بھارتی شہر حیدر آباد میں تھیں جہاں ان میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئیں۔

علامات ظاہر ہونے پر اداکارہ نے ٹیسٹ کروایا جو کہ مثبت آیا تھا جس کے بعد اُنہیں حیدر آباد کے ہی مقامی اسپتال میں داخل کر ا دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ تمنا بھاٹیا تامل فلم انڈسٹری کی صف اوّل کی اداکارہ ہیں اور بالی وڈ میں بھی قسمت آزمائی کرچکی ہیں۔

اداکارہ نے مشہور فلم ’باہو بلی‘ میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے، وہ ان دنوں نواز الدین صدیقی کے ساتھ فلم ’بولیں چوڑیاں‘ کی شوٹنگ میں بھی مصروف تھیں۔