• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس کی شکار تمنا بھاٹیا اسپتال سے ڈسچارج

گزشتہ دنوں عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہونے والی بھارتی اداکارہ تمنا بھاٹیا اسپتال سے ڈسچارج ہوگئیں اور اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ یہ وقت اُن کے لیے بہت مشکل رہا ہے لیکن اب وہ کافی بہتر محسوس کر رہی ہیں۔

تمنا بھاٹیا نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر ایک طویل پیغام جاری کیا ہے جس میں اُنہوں نے اپنے چاہنے والوں کو اپنی طبیعت سے متعلق چند اہم معلومات سے آگاہ کیا ہے۔


بھارتی اداکارہ نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’میں نے اور میری ٹیم نے تمام ایس او پیز کو فالو کرتے ہوئے سیٹ پر کام کیا تھا لیکن بدقسمتی سے گزشتہ ہفتے مجھے کچھ علامات ظاہر ہوئیں جس کے بعد میں نے اپنا کورونا وائرس ٹیسٹ کروایا جس کے نتائج مثبت آئے۔‘

تمنا بھاٹیا نے لکھا کہ ’کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد میں حیدر آباد کے ایک نجی اسپتال میں داخل ہوگئی تھی جہاں ڈاکٹرز اور طبی عملے نے میری بہت دیکھ بھال کی اور اب چونکہ میری طبیعت ٹھیک ہوگئی ہے تو مجھے اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔‘

اُنہوں نے گزشتہ ہفتے کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے لیے گزشتہ ہفتہ کافی مشکل رہا ہے لیکن میں اب کافی بہتر محسوس کر رہی ہوں اور اُمید کرتی ہوں کہ جلد ہی مکمل طور پر صحت یاب ہو جاؤں گی۔‘

بھارتی اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’چونکہ میں ابھی پوری طرح سے صحت یاب نہیں ہوئی ہوں تو اس لیے میں گھر میں ہی خود کو قرنطینہ کروں گی تاکہ میری وجہ سے میرے پیارے کورونا وائرس میں مبتلا نہ ہوں۔‘

آخر میں اُنہوں نے اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جو اداکارہ کی جلد صحت یابی کے لیے دُعا کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ تمنا بھاٹیا ویب سیریز کی شوٹنگ کے لیے بھارتی شہر حیدر آباد میں تھیں جہاں ان میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئیں، علامات ظاہر ہونے پر اداکارہ نے ٹیسٹ کروایا جو کہ مثبت آیا تھا جس کے بعد اُنہیں حیدر آباد کے ہی مقامی اسپتال میں داخل کر ا دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ تمنا بھاٹیا تامل فلم انڈسٹری کی صف اوّل کی اداکارہ ہیں اور بالی وڈ میں بھی قسمت آزمائی کرچکی ہیں۔ 

اداکارہ نے مشہور فلم ’باہو بلی‘ میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے، وہ ان دنوں نواز الدین صدیقی کے ساتھ فلم ’بولیں چوڑیاں‘ کی شوٹنگ میں بھی مصروف تھیں۔

تازہ ترین