ملک میں کورونا وائرس سے مزید 19اموات پریشان کن ہیں: ڈاکٹر فیصل سلطان

October 21, 2020

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں، تین ہفتے پہلے تک عالمی وبا کورونا کی صورتحال بہتر تھی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 19 اموات ہوئیں جو پریشان کن ہے، پہلے کورونا کیسز کی شرح 2 فیصد سے نیچے تھی، اب 2 اعشاریہ 47 ہوگئی ہے۔

سینیٹر سکندر میندھرو کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی قومی صحت کا اجلاس میں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کمیٹی کو بریفنگ دی کہ سیکرٹری صحت اگلی کمیٹی میں ضرور آئیں گے، صوبوں کو کہا ہے کہ عالمی وبا کو قابو میں رکھنے کیلئے سخت اقدامات کیے جائیں۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ آج کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بنائے جانے والے خصوصی ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سے او سی) میں 5 بجے دوبارہ پریس بریفنگ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تشویشناک صورتحال نہیں ہے لیکن کورونا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے، شادی ہالز میں ایس او پیز کا کوئی خیال نہیں رکھ رہا، ٹرانسپورٹ، بازاروں میں ایس او پیز کا خیال نہیں رکھا جا رہا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ وزارت تعلیم نے تعلیمی اداروں سے متعلق کافی محنت کی اور موثر اقدامات اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ وبا کو روکنے کیلئے ماسک کا استعمال لازمی کریں، بطور قوم فیصلہ کرلیا تھا کہ بس اب جنگ جیت لی ہے، ایسا نہیں ہے، عام کپڑے کا ماسک پہننا بھی کافی ہے۔