• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس سے اموات میں 140 فیصد اضافہ ہوگیا: اسد عمر


وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس سے اموات میں 140 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اسد عمر نے ٹوئٹر پر جاری اپنے تازہ پیغام میں لکھا کہ گذشتہ ہفتے کورونا وائرس سے یومیہ اموات کی تعداد 12 رہی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ شرح چند ہفتوں پہلے کے مقابلے میں 140 فیصد زیادہ ہے، ہم تمام ایس او پیز کو نظرانداز کر کے غلطی کےمرتکب ہو رہے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی ایس او پیز کو نظر انداز کرنے کے نتائج ظاہر ہونے لگے ہیں، ہم موجودہ راستہ تبدیل نہیں کرتے تو زندگی اور معاش سے محروم ہو جائیں گے۔

اسد عمر کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بنائے جانے والے خصوصی ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سے او سی) کے سربراہ بھی ہیں۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 05 مریض جاں بحق جبکہ433 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

گزشتہ روز ہی وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور تخفیف غربت  اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

ثانیہ نشتر نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ کورونا وائرس کی ہلکی علامات ہیں، تاہم میں گھر سے کام جاری رکھوں گی۔

تازہ ترین