رحمٰن ملک کی ٹرمپ سے پاکستان کو فیٹف گرے لسٹ سے نکالنے کی اپیل

October 21, 2020

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سینیٹر رحمٰن ملک نے پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپیل کردی۔

سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمٰن ملک نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر مہم شروع کی ہوئی ہے۔

اس حوالے سے سینیٹر رحمٰن ملک نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ اگر ٹرمپ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالتے ہیں تو امریکی نژاد پاکستانی ان کو ووٹ دیں گے۔

پی پی پی رہنما نے امریکا میں مقیم پاکستانیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے مہم چلائیں۔

رحمٰن ملک نے واضح کیا کہ امریکا کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں سب سے بڑھ کر ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 70 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی۔

انھوں نے سوال اٹھایا کہ کیا پاکستان کی عظیم قربانیوں کا یہی صلہ ہے کہ اسے گرے لسٹ میں شامل کیا گیا ہے؟