کراچی کیلئے کے فور منصوبہ کی مقررہ مدت میں تکمیل کیلئے اقدامات کریں گے، چیئرمین واپڈا

October 23, 2020

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وفاقی حکومت کی جانب سے گریٹر کراچی واٹر سپلائی سکیم(کے فور) پر عملدرآمد کی ذمہ داری واپڈا کو دیئے جانے کے بعدچیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل(ر) مزمل حسین کی دعوت پر تمام وفاقی اور صوبائی اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس ہوا جس میں منصوبہ کو کم از کم وقت میں مکمل کرنے کی حکمت عملی وضع کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا، چیئرمین واپڈا نے کہا کہ کراچی کیلئے کےفورمنصوبہ کی مقررہ مدت میں تکمیل کیلئے اقدامات کرینگے،اجلاس میں کراچی سے رکن قومی اسمبلی محمد نجیب ہارون، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ سندھ، جوائنٹ سیکرٹری آبی وسائل ، ڈائریکٹرجنرل(مانیٹرنگ) منصوبہ بندی و ترقی، منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، پراجیکٹ ڈائریکٹر کے فور سندھ، ڈائریکٹر(پلانز) ایف ڈبلیو او، پراجیکٹ ڈائریکٹر کے فور اوسی ایل کنسلٹنٹس، ممبر (فنانس) واپڈا، ممبر (واٹر) واپڈا اور واپڈا کے متعلقہ جنرل منیجرز شریک ہوئے، اجلاس میں چیئرمین واپڈا نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کے فور کی تعمیر کیلئے واپڈا پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ،و اپڈااس منصوبہ کو نئے اہداف کے تحت مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے تمام اقدامات کریگا تا کہ کراچی کے لوگ اسکے فوائد حاصل کر سکیں، اپنی مہارت اور وفاقی و صوبائی سٹیک ہولڈرز کے پاس دستیاب معلومات کی روشنی میں واپڈا منصوبہ کی تکمیل کیلئے ٹائم لائنز ترتیب دیگا اور منصوبہ کی تعمیر کے اہداف کو ان ٹائم لائنز کے مطابق حاصل کرنے کو یقینی بنایا جائیگا۔