جیو کے لاپتہ رپورٹر علی عمران کی گاڑی، موبائل گھر پر موجود

October 24, 2020


کراچی میں جیو نیوز کے سینئر رپورٹر علی عمران سید کو12 گھنٹے گزر جانے کے باوجود تاحال تلاش نہیں کیا جاسکا ہے، اہلخانہ کاکہنا ہے کہ علی عمران جمعہ کی شام گھر سے قریبی بیکری تک گئے تھے مگر واپس نہیں آئے۔

بھائی طالب رضوی کاکہنا ہے کہ جیونیوز کے سینئر رپورٹر علی عمران سید گزشتہ روز شام 7 سے 8 کے درمیان گھر سے نکلے تھے اور تب سے لاپتہ ہیں، وہ سچل کے علاقے میں واقع گھر سے قریبی بیکری گئے تھے مگر واپس نہیں آئے۔

مسز علی عمران سید کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر یہ کہہ کر باہر نکلے تھے کہ وہ آدھے گھنٹے میں لوٹ آئیں گے، موبائل فون گھر میں اور گاڑی گھر کے باہر کھڑی ہے۔

پولیس نے تصدیق کی ہے کہ واقعہ کی درخواست موصول ہوگئی ہے، جائے وقوعہ کا معائنہ اور جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش جائیگی۔

کراچی پولیس چیف اور ڈی آئی جی ایسٹ کو بھی علی عمران سید کی گمشدگی سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں اس طرح کا واقعہ اس سے قبل نہیں ہوا، شواہد اکٹھے کرکے کیس کو حل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔

واضح رہے کہ علی عمران سید جیونیوز سے طویل عرصے سے وابستہ ہیں، وہ نا صرف ملکی بلکہ بین الااقوامی امور پر بھی رپورٹنگ کرتے رہے ہیں۔