گورنرز کپ گالف: 16سالہ گالفر عبداللّٰہ فاروقی کی شاندار کارکردگی

October 24, 2020

16سالہ گالفر عبداللّٰہ فاروقی نے اپنی شاندار کارکردگی سے سب کو حیران کردیا۔

گورنرز کپ گالف ٹورنامنٹ کے دوسرے روز 16 سالہ گالفر نے اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت لیڈر بورڈ پر برتری حاصل کرلی۔

عبداللّٰہ فاروقی کے شاندار کھیل کے باعث لیڈر بورڈ پر پہلے نمبر پر رہنے والے سلمان حنیف دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔

جیم خانہ گالف کلب لاہور میں جاری 3 روزہ گورنرز کپ ٹورنامنٹ کا دوسرا دن نوجوان گالفر عبداللّٰہ فاروقی کے نام رہا۔

عبداللّٰہ فاروقی نے نیٹ میں غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کیا اور 62 کے اسکور کے ساتھ تمام گالفرز کو پیچھے چھوڑ دیا، وہ 128 کے اسکور کے ساتھ پہلے نمبر براجمان ہوگئے ہیں۔

ایونٹ کے پہلے روز سلمان حنیف نے نیٹ میں 62 کے اسکور کے ساتھ گالف کورس کا نیا ریکارڈقائم کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

انہیں کیا پتا تھا کہ دوسرے دن ان کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا اور وہ 68 کے اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلے جائیں گے۔

گالف ٹورنامنٹ میں قاسم علی خان، تیمور بشیر اور سعد محمود مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر ہیں، جن کا اسکور 135 ہے۔