میر شکیل الرحمٰن کی عدم رہائی کیخلاف مختلف شہروں میں مظاہرے

October 24, 2020

پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری اور عدم رہائی کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا۔

لاہور

ایڈیٹر انچیف جنگ جیو میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف ڈیوس روڈ پر احتجاجی کیمپ کو 226 دن ہو گئے۔

پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے سیکریٹری شہزاد ملک، سینئر صحافی ذوالفقار مہتو، قمر بھٹی، ظہیر انجم، اویس قرنی، عبدالوہاب، فاروق اعوان، رومیو جالب، محمد علی، شاہد عزیز اور عائشہ اکرام سمیت دیگر نے کیمپ میں شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین نے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری اور طویل عرصے سے جیل میں رکھنے کو افسوسناک قرار دیا۔

پشاور

پشاور مظاہرے میں صحافیوں اور جنگ جیو ورکرز نے شرکت کی، مظاہرین کا خطاب میں کہنا تھا کہ آزادی صحافت پر قدغن کسی صورت قبول نہیں ہے۔

کوئٹہ

کوئٹہ میں جنگ بلڈنگ کے باہر مظاہرے میں شریک صحافیوں نے میر شکیل الرحمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

بہاولپور

بہاولپور پریس کلب میں ہونے والے احتجاج میں ریجنل نیوز پیپرز مالکان، بہاولپور یونین آف جرنلسٹس اور پریس کلب اور الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے ارکان نے شرکت کی۔

نواب شاہ

نواب شاہ میں بھی ایڈیٹر انچیف جنگ اور جیو میر شکیل الرحمٰن کی غیر قانونی گرفتاری اور ان کی عدم رہائی کے خلاف مارکیٹ روڈ پر احتجاج کیا گیا۔