نیشنل اسٹیڈیم میں بورڈ کا ’’لوگو‘‘ لگایا قومی پرچم نہیں، پی سی بی

October 26, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم میں قائد اعظم ٹرافی کے موقع پر گرائونڈ میں لگایا گیا پی سی بی کا لوگو ہے پاکستانی پرچم نہیں ہے۔ بورڈ قومی پرچم کی بے حرمتی کا تصور نہیں کرسکتا۔ واضح رہے کہ لوگو میں ستارے کے درمیان پاکستان لکھا ہوا ہے جس سے سوشل میڈیا میں یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ پاکستانی پرچم کی بے حرمتی ہورہی ہے۔ اتوار کو بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل اسپورٹس مقابلوں کے موقع پر گرائونڈ میں ملکوں کے پرچم ،کھیلوں کے لوگو اور شہروں کے نام لکھے جانا معمول کی بات ہے۔ اسپانسرز کی برانڈنگ کی جاتی ہے۔ گرائونڈ میں پی سی بی کے لوگو کی تشہیر ٹی وی کے ذریعے کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں تنقید بلا جواز ہے۔