رواں سال ٹرینوں کے 100سے زائد حادثات، کروڑوں کا نقصان

October 26, 2020

ملتان (سٹاف رپورٹر) ملک بھر میں ٹرین حادثات میں کمی نہیں لائی جا سکی۔ محدود ٹرین آپریشن کے باوجود رواں سال(جنوری تا ستمبر) 9 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 100سے زائد حادثات ہوئے،مذکورہ حادثات کے نتیجہ میں50 کے لگ بھگ افراد جاں بحق اور 55 زخمی ہوئے۔ ذرائع کے مطابق ان حادثات میں ٹرینوں میں تصادم، آگ لگنے، پٹری سے اترنے، ریلوے کراسنگ اور کچے پھاٹکوں پر ہونے والے حادثات شامل ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ مذکورہ 9ماہ کے عرصے میں کورونا وائرس کے باعث 56روز تک ٹرین آپریشن بند رہا۔تاہم اس کے باوجود ٹرین حادثات میں کمی نہیں لائی جا سکی۔ حادثات میں انفراسٹرکچر اور رولنگ اسٹاک کی تباہی سے ریلوے کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ۔بتایا گیا ہے کہ ان حادثات میں ٹرینوں میں آگ لگنے کے 5، مال گاڑیوں کے پٹری سے اترنے کے 33 ۔ روڈ ٹرانسپورٹ کی غلطی کے باعث 37 اور ریلوے اسٹاف کی غلطی کے باعث ہونے والے 14 حادثات بھی شامل ہیں۔