سڈنی میں نامعلوم شخص کا ترک مسجد پر حملہ

October 26, 2020


آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں نامعلوم شخص نے ترک مسجد پرحملہ کر کے مسجد کی ایک لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کی املاک کو نقصان پہنچایا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نامعلوم شخص نےمسجد کے اندر داخل ہو کر اسکی کھڑکیاں اور فانوس توڑ دیئے، پولیس نے حملہ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا جسے آج عدالت میں پیش کیاجائےگا۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ایک شخص اوبرن گیلی پولی مسجد میں داخل ہوا اور فائرہائیڈرنٹ اور ویکیوم کلینر کے ذریعے مسجد کی املاک کو نقصان پہنچایا۔

مسجد ترجمان کا کہنا ہے کہ مسجد میں اس وقت 15 سے 20 افراد موجود تھے جس میں سے کچھ خوفزدہ ہو کر باہرنکل گئے۔

حملہ کرنے والے شخص نے مسجد کی ایک لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کی املاک کو نقصان پہنچایا ہے، یہ مسجد ترک حکومت کے زیرانتظام چلائی جاتی ہے۔