پی ڈی ایم کی لاپتا افراد کے اہلخانہ سے ہمدردی تماشا تھی، ماما قدیر

October 26, 2020


وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز تنظیم کے وائس چئرمین ماما قدیر بلوچ نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے کوئٹہ جلسے میں لاپتا افراد کے اہلخانہ سے ہمدردی کے اظہار کو مداری کا تماشا قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔

بھوک ہڑتالی کیمپ سے اپنے ایک وڈیو بیان میں ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ لاپتا افراد یا بلوچستان کا مسئلہ بلوچی لباس پہننے سے حل نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی دونوں کے ادوار میں بلوچستان سے مسخ شدہ لاشیں ملتی رہیں، اُس وقت مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری کہاں تھے۔

ماما قدیر نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے کے ساتھ جمہور کے ساتھ ناانصافی اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا معاملہ بھی اٹھانا چاہیے۔

اپوزیشن رہنماؤں کو لاپتا افراد کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں بھی آنا چاہیے تھا جو پچھلے 12 سال سے لگا ہوا ہے۔