شاداب، عماد، حیدر، حارث، موسیٰ کی پنڈی اسٹیڈیم سے یادیں وابستہ

October 27, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) زمبابوے کے خلاف سیریز کیلئے منتخب پاکستانی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کے علاوہ عما دو سیم ، حیدر علی، حارث رئوف، موسیٰ خان اور روحیل نذیر کا تعلق پنڈی اور اسلام آباد سے ہے۔ ٹیم جڑواں شہروں میں تین ون ڈے اور ٹی 20 میچز کھیلے گی ۔ان کرکٹرز کی پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم سے یادیں وابستہ ہیں۔ شاداب خان کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہی پاکستان کی نائب کپتانی کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔ عماد وسیم نے کہا کہ سال 2003 میں پاکستان بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا میچ دیکھنے پہلی مرتبہ پنڈی اسٹیڈیم کا رخ کیا تھا۔ صرف پچ دیکھنے کے لیے ایک روز سحری کے وقت چوکیدار سے چھپ کر اسٹیڈیم کی دیوار پھلانگا تھا، حارث رؤف کہتے ہیں کہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کی نمائندگی کے لیے بیتاب ہوں، حیدر علی نے کہا کہ جس اسٹیڈیم کے انکلوژرز میں بیٹھ کر پاکستان کے میچز دیکھا کرتے تھے اب ادھر خود پاکستان کی نمائندگی کا موقع مل رہا ہے۔ موسی خان کا کہنا ہے کہ یہاں انڈر 19 کرکٹ کھیلتا رہا ہوں، خوش قسمتی سے اس گراونڈ میں ملک کی نمائندگی کا موقع مل رہا ہے۔ نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کا کہنا ہے کہ اپنی زیادہ تر کرکٹ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی کھیلی ہے، وہ خود کو خوش نصیب سمجھتے ہیں کہ وہ جس ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے میچز دیکھنے اس گراؤنڈ میں تماشائی کی حیثیت سے آیا کرتے تھے۔