خواتین سے زیادتی، سندھ حکومت نے رپورٹ جمع کرا دی

October 27, 2020

سندھ ہائی کورٹ میں خواتین سے زیادتی کے کیسز کی تحقیقات میں تاخیر سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران سندھ حکومت نے عمل درآمد رپورٹ جمع کرا دی۔

دورانِ سماعت سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے سوال کیا گیا کہ سندھ حکومت نے کیا ایس او پیز بنا ئی ہیں؟

اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ تحقیقات اور ڈی این اے سمیت دیگر معاملات پر ایس او پیز بنائی گئی ہیں۔

عدالتِ عالیہ نے درخواست گزار کے وکیل کو ایس او پیز پڑھ کر جواب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایس او پیز پڑھیں، پھر بتائیں کہ انہوں نے کیا عمل درآمد کیا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ 2018ء کے زیادتی کیسز کے ڈی این اے پر اب کام ہو رہا ہے، عدالتی حکم کے بعد ہی یہ سب کچھ ہو رہا ہے،2018ء سے متاثرہ خواتین کے ڈی این اے لیبارٹری میں پڑے تھے۔

سندھ ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 12 نومبر تک ملتوی کر دی۔