فرانسیسی صدر کے بیان سے عالم اسلام کے جذبات مجروح ہوئے، علامہ ارشد مصباحی

October 28, 2020

مانچسٹر(غلام مصطفیٰ مغل) عالم دین علامہ محمد ارشد مصباحی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فرانسیسی صدر کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کے حوالے سے بیان سے عالم اسلام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں جس سے انتہا پسندی کو فروغ ملے گا، انہوں نے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی سرکاری یا سیاسی گفتگو میں کسی بھی انداز میں مذہب کی توہین سے گریزکیا جانا چاہیے تاکہ منافرت ،مخاصمت اور نسل پرستی پروان نہ چڑھے، اداریہ فیضان اسلام کے بانی علامہ غلام ربانی افغانی نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کے نام پر ایسے واقعات کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے،مسلمانوں کے خلاف مظالم میں اصافہ ہورہا ہے اور خواتین کے نقاب پر پابندی عائد کی گئی،انہوں نے بین الاقوامی سطح پر مطالبہ کیا کہ ایسے شر پسند عناصر کے خلاف قانونی اقدامات کیے جائیں تاکہ مذہبی انتہا پسندی کو فروغ نہ ملے، علامہ احمد وقار بیگ قادری نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی حوصلہ افزائی سے اسلام اور ہمارے پیغمبر ﷺ کونشانہ بنایا جارہاہے‘ بدقسمتی سے انہوں نے تشددپرآمادہ دہشت گردوں کی بجائے اسلام پرحملہ آور ہوکر اسلامو فوبیا کی حوصلہ افزائی اورمسلمانوں کو مشتعل کرنے کا کاراستہ چنا۔