گلگت میں دھاندلی ہوئی تواسلام آباد میں دھرنا دینگے، بلاول

October 28, 2020

اسکردو(جنگ نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ اگر گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کی کوشش بھی کی گئی تو عوام کے ساتھ اسلام آباد میں دھرنا دیں گے،یہ اقتدار کا نہیں آپکےمستقبل کا الیکشن ،گلگت بلتستان کو اس تباہی سے بچانا ہے جو پورے پاکستان میں تبدیلی کے نام سے شروع ہوئی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری ان دنوں گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے سلسلے میں اسکردو میں موجود ہیں جہاں وہ انتخابی مہم زور و شور سے چلارہے ہیں۔اسکردو میں جلسے سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ذوالفقار بھٹو نے گلگت بلتستان کے عوام کو آزاد کروایا، بےنظیر بھٹو نے گلگت بلتستان کے حقوق کی بات کی، آصف زرداری نے گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دیا۔

مہدی شاہ نے گلگت بلتستان کے 25 ہزار جوانوں کو روزگار دلوایا لیکن پیپلزپارٹی حکومت کے بعد ان نوجوانوں کا روزگار چھین لیا گیا، اب پیپلزپارٹی کی نئی نسل کی جدوجہد شروع ہوچکی ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو بہادر اور عوامی نمائندہ چاہیے، انہیں ایسا نمائندہ منتخب کرنا ہے جو اسکردو کے مسائل حل کرسکے۔

پورے پاکستان میں تبدیلی کے نام پر تباہی شروع ہوگئی ہے، گلگت بلتستان کو اس تباہی سے بچائیں گے۔