پی ڈی ایم اور پاکستان دشمنوں کا بیانیہ ایک کہنا غلط، تجزیہ کار

October 28, 2020

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ میں میزبان علینہ فاروق شیخ نے سوال اٹھایا کہ پشاور کے مدرسے میں دھماکا،دو ماہ میں ملک میں دہشتگردی کے متعدد واقعات، پاکستان میں حالیہ ابھرتی ہوئی دہشتگردی کی وجہ کیا ہے؟ اس کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کار منیب فاروق نے کہا کہ دشمن ملکوں کیلئے پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں کرنا مشکل نہیں ہے، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف بڑی قربانیاں دی ہیں لیکن دہشتگردی سوفیصد روکنا بہت مشکل ہے۔

وفاقی وزراء کا پی ڈی ایم اور پاکستان کے دشمنوں کا بیانیہ ایک کہنا بہت بھونڈی بات ہے، حکومت اور اپوزیشن کو کم از کم آج کے دن اختلافی بات نہیں کرنی چاہئے۔پروگرام میں بابر ستار ، ارشاد بھٹی اور حسن نثارنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن مل کر کشمیر کا مقدمہ لڑیں ،کشمیر کے معاملے پر دنیا کا ضمیر سویا ہوا ہے اسے جگانے کیلئے عالمی میڈیا پر تخلیقی اور موثر مہم چلائی جائے۔

تفصیلات کے مطابق جیو کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار بابر ستار کا کہنا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان ختم نہیں ہوئی تھی بلکہ بھاگ کر افغانستان چلی گئی تھی، افغانستان کے بدلتے حالات کے تناظر میں ممکن ہے ٹی ٹی پی واپس آنا چاہتی ہے اسی لئے کارروائیوں میں تیزی لائی ہے۔