نیشنل ٹرے ہاکی: فائنل پنجاب اور ماڑی پیٹرولیم کے درمیان ہوگا

October 29, 2020

پنجاب اور ماڑی پیٹرولیم نے نیشنل ٹرے ہاکی چیمپئین شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ فائنل ہفتے کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹاپ ٹیمیں اب نیشنل ہاکی چیمپئین شپ کھیلنے کی بھی اہل ہوگئیں۔

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میں پنجاب نے پی اے ایف کو تین کے مقابلے میں سات گول سے شکست دی۔

پنجاب کے فارورڈز نے سیمی فائنل میں خوبصورت گول بنائے اور دیکھنے والوں سے داد حاصل کی۔

فاتح ٹیم کی جانب سے زین اعجاز اور حنان شاہد نے دو دو جبکہ عمار علی، محسن حسن اور ارسلان ارشد نے ایک ایک گول کیا۔

دوسرے سیمی فائنل میں ماڑی پیٹرولیم نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرادیا۔

ماڑی پیٹرولیم کی طرف سے مرتضیٰ یعقوب نے دو جبکہ عمر ستار اور عبدالرحمان نے ایک ایک گول بنایا۔

ماڑی پیٹرولیم اور پنجاب کی ٹیموں کے درمیان فائنل ہفتے کو کھیلا جائے گا۔