بھارت کی پٹائی پر اُن کی قیادت اور میڈیا بھی شرمند ہ ہے، فواد چوہدری

October 29, 2020


وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے شاہینوں نے بھارت کو اندر گھس کے مارا، قوم کے عظیم بیٹوں نے جس طرح بھارت کی پٹائی کی، اس پر ان کی قیادت اور میڈیا بھی شرمند ہ ہے، پلوامہ میں کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے فواد چوہدری نے ایاز صادق کے بیان کو جھوٹ قرار دے دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پر تنقید ضرور کریں مگر ریاست کو نشانہ نہ بنائیں۔

انہوںنے کہا کہ اپوزیشن کے اسٹیج سے بار بار بات آتی ہے کہ وہ فوج کے جرنیلوں کے خلاف اور جوانوں کے ساتھ ہیں، یہ بات کرکے آپ کس کا فائدہ کرنا چاہتے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ایاز صادق کا بیان ثابت کرتا ہے کہ قومی سلامتی کے معاملے پر اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنا غلطی تھی، جبکہ ایاز صادق اسپیکر بھی رہ چکے ہیں ان کی طرف سے ایسا بیان افسوسناک ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ لوگ نہیں سوچتے کہ ان کی بات کا بھارت کیا ترجمہ کرے گا، ہمارا پلوامہ کے بعد کا بیانیہ دنیا میں مانا گیا تھا، اپوزیشن کو موقع دیا کہ بیٹھ کر بات کرے اور مسائل کا حل تلاش کرے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سیاسی نعروں سے مہنگائی کم نہیں ہوگی نہ ہی عمران خان کو شکست دے سکیں گے، عوام نواز شریف، مریم نواز اور بلاول بھٹو کے ہاتھ میں پاکستان نہیں دینا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جنگل کا قانون نہیں بنانا جو سیاسی جماعتیں چاہتی ہیں، عمران خان کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، اپوزیشن بچوں والی باتیں کر رہی ہے۔