حضور ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، سیاسی رہنما

October 30, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سیاسی رہنمائوں نے یوم ولادت ِ رسولﷺ کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کہا ہے کہ حضور ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ دنیا کے مسائل کاحل سیرت پاک ﷺ میں موجود ہے۔عید میلاد النبیﷺ پرلوگوں کو مذہبی رواداری کا درس دیا جائے۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حضرت محمدﷺ کی زندگی ہمارے لئے نجات کا ذریعہ ہےدنیا کے مسائل کا حل سیرت پاکﷺ میں ہے ہمیں اپنی زندگیوں میں تحمل برداشت اور اعتدال کا راستہ اختیار کرنا ہوگا، ہمیں اپنی زندگیوں کو سیرت کے بتائے اصولوں کے مطابق ڈھالنے اور دنیا کے سامنے اس سچائی کو ثابت کرنے کی ضرورت ہے کہ آپ ﷺ کی زندگی ہی نجات کا ذریعہ ہے۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم جب تک تاجدار مدینہ ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا نہیں ہوتے پریشانیاں اور تکالیف کم نہیں ہونگی، قوم جشن ولادت رسولﷺ منانے کے ساتھ ساتھ اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کا عہد کرے۔