اسٹاک مارکیٹ، کورونا کی دوسری لہر، زبردست مندی، 1299 پوائنٹس کم

October 30, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کورونا کی دوسری لہر کے باعث سرمایہ کاروں میں بے چینی سے سرمائے کا بڑے پیمانے پر انخلاء ،مارکیٹ میں زبردست مندی ،انڈیکس 41 اور 40ہزار کی حد سے بھی نیچے آگیا ،کے ایس ای 100انڈیکس میں 3.15کے تناسب سے 1299پوائنٹس کی بڑی کمی ،سرمایہ کاری مالیت 209ارب 64کروڑ 50لاکھ روپے گھٹ گئی ،87.20فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی لیکن فروخت کے دباو کی وجہ سے کاروباری حجم میں 47.05فیصد کی شرح سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے کورونا کی دوسری لہر کی تصدیق اور مختلف پابندیوں کے باعث سرمایہ کاروں میں بے چینی اور اضطراب بڑھ گیا ،عالمی سطح پر خام آئل کی قیمتوں اور بڑی معیشتوں کے بارے میں منفی خبروں کے باعث بھی سرمایہ کاروں نے مارکیٹ سے سرمائے کے انخلاء کو ترجیح دی جس کی وجہ سے جمعرات کو دن بھر مندی کے گہرے بادل چھائے رہے ۔