حمزہ شہباز لیموزین، مرسیڈیز یا چارٹرڈ طیارے سے عدالت جانا چاہتے ہیں، فیاض چوہان

October 31, 2020


پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز شاید لیموزین، مرسیڈیز یا چارٹرڈ طیارے سے عدالت جانا چاہتے ہیں۔

لاہور سے جاری کردہ اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے مسلم لیگ نون کے رہنما و پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز حمزہ شہباز کے بکتر بند گاڑی میں عدالت آنے سے انکار پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز آپ اپنی برتھ ڈے یا شالامار باغ کی سیر کو نہیں جا رہے۔

فیاض الحسن چوہان نے حمزہ شہباز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کھربوں ڈالرز کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے سرٹیفائیڈ ملزم اور مجرم ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ موصوف دو سال سے وی آئی پی احتساب دیکھ رہے تھے، اب حقیقی احتساب کا مزہ چکھیں گے۔

اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے مریم نواز کو آڑ ے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بیگم صفدر گونگلوؤں سے مٹی جھاڑنے کے لیے شہباز شریف سے ایک دو روز میں ملیں گی۔

واضح رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت کے دوران مسلم لیگ نون کے رہنما و پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز کو جیل سے عدالت لانے کے لیے بکتر بند گاڑی بھیجی تھی، تاہم حمزہ شہباز نے بکتر بند گاڑی میں آنے سے انکار کر دیا۔