کورونا میں تیزی، ڈاکٹر سمیت 11جاں بحق، کیسز میں اضافہ، صوبے سختی کیلئے تیار ہوجائیں، این سی او سی

November 01, 2020

کورونا،24گھنٹوں کے دوران ملک میں 807نئے مریض، فعال کیسز بڑھ کر 12ہزار121ہوگئے

کراچی،اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر، خبر ایجنسیاں) کورونامیں تیزی ، ڈاکٹرسمیت 11 جاں بحق،24گھنٹوں کے دوران ملک میں 807نئے مریض، فعال کیسز بڑھ کر 12ہزار121ہوگئے۔

100مریض وینٹی لیٹرز پر، سندھ میں 2مریض چل بسے،مزید 376افراد میں وائرس، 264کراچی میں رپورٹ ہوئے، این سی او سی کاکہناہےکہ کیسز میں اضافہ پرصوبے سختی کیلئے تیار ہوجائیں۔

تفصیلات کےمطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے ہفتہ کو متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کریں اور کورونا وائرس کیسز میں اضافے اور ملک بھر میں ایس او پیز کے بارے میں بڑے پیمانے پر عوامی آگہی مہم کو تیز کیا جائے۔

این سی او سی کے اجلاس میں کورونا وائرس کے اعدادوشمار، کورونا وائرس کےموجودہ مثبت کیسز کے تناسب ، مائیکرو اور اسمارٹ لاک ڈاون، رابطہ ٹریسنگ اور ایس او پیز پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا۔

فورم کو بتایا گیا کہ گزشتہ تین ہفتوں سے کورونا وائرس کے مثبت کیسز کا تناسب بڑھ رہا ہے جبکہ دیگر تمام اشارے بڑھتے ہوئے رجحان کو ظاہر کررہے ہیں۔

فورم کو بتایا گیا کہ ایس او پیز پر عمل کرنے میں کسی قسم کی غلطی کی اجازت نہیں دی جاسکتی خاص طور پر ماسک پہننے اور سماجی دوری پر عملدرآمد نہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے کیونکہ اس سے یہ بیماری بڑھ سکتی ہے۔

فورم نے تمام متعلقہ حکام کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے اقدامات کو بہتر بنانے اور حفاظتی اور صحت کے رہنما خطوط پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تاہم عوام الناس کی آگاہی کے لئے موثر میڈیا مہم کو دوبارہ وسیع پیمانے پر شروع کیا جائے گا۔

جن میں اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے آگہی دی جائے گی۔