حمزہ کا بکتربند گاڑی میں عدالت آنے سے انکار،عدالت برہم

November 01, 2020

لاہور (نیوزرپورٹر)حمزہ شہباز کا بکتربندگاڑی میں عدالت آنے سے انکار،عدالت برہم ہوگئی،جج نے کہا کہ اب ملزمان پسندکی گاڑی پرآئینگے،احتساب عدالت لاہور نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو پیش نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب حکومت ، آئی جی جیل خانہ جات، سپرنٹنڈنٹ، سی سی پی او لاہور ایس پی ہیڈ کوارٹر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے نامزد افراد کو 10 نومبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کر دی ۔ گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج امجد نذیر نے رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت کی۔جوڈیشل افسر نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز کا وارنٹ عدالت میں پیش کردیا لیکن انہوں نے بکتر بند گاڑی میں آنے سے انکار کردیا ہے، انہیں لانے کیلئے بکتر بند گاڑی جیل میں کھڑی رہی مگر وہ باہر نہیں آئے، عدالت نے حمزہ شہباز کے ذاتی حیثیت میں پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور نوٹس لیتے ہوئے جیل حکام سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے سماعت میں کچھ دیر کیلئے وقفہ کردیا ۔