’تم سیلز مین اور میں جیمز بانڈ ہوں‘، شان کونری کا اسٹیو جابز کو مبینہ خط

November 02, 2020

آنجہانی امریکی اداکار اور ہالی ووڈ فلم ’جیمز بانڈ‘ کے اداکار شان کونری کا دنیا کی بڑی ٹیکنالوجیکل کمپنیوں میں سے ایک ایپل کے مالک اسٹیو جابز سے متعلق ایک مبینہ خط سامنے آیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا اس خط کو جعلی قرار دے رہا ہے، جو ممکنہ طور پر ایک ٹائپ رائٹر سے لکھا گیا ہے جس کی تاریخ سال 1998 کی بتائی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ جب سال 2005 میں شان کونری نے اداکاری سے کچھ عرصے کے لیے وقفہ لیا تو اس وقت بھی بے تکلف مزاج کے حامل شان نے کہا تھا کہ وہ یہ بریک اس لیے لے رہے ہیں کیونکہ اب کچھ بیوقوف قسم کے لوگ فلمیں بنارہے ہیں۔

حال ہی میں انتقال کرنے والے شان کونری سے متعلق ایک خط سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے لیکن اس کی کوئی واضح تصدیق نہیں ہوسکی اس لیے اسے جعلی بھی قرار دیا جارہا ہے۔

اس خط میں اسٹیو جابز کو نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’میں ایپل یا کسی بھی کمپنی کے لیے اپنے ضمیر کا سودا نہیں کرتا، میری آپ کی طرح دنیا کو تبدیل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔‘

ساتھ ساتھ اس خط میں انھوں نے یہ بھی لکھا کہ ’تمھارے پاس وہ نہیں جس کی مجھے ضرورت یا خواہش ہے، تم ایک کمپیوٹر سیلزمین ہو اور میں ایک جیمز بانڈ‘۔

واضح رہے کہ اس خط کی کاپی اب بھی انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے شیئر کی جارہی ہے، جبکہ میڈیا رپورٹس میں اسے ایک جعلی خط قرار دیا گیا ہے۔