اچھے اعمال بُرے اعمال کو مٹا دیتے ہیں، منظر صہبائی

November 03, 2020

جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’الف‘میں عبدالعلیٰ کا کردار ادا کرنے والے سینئر اداکار منظر صبہائی نے ’الف‘ کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اچھے اعمال بُرے اعمال کو مٹا دیتے ہیں۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر منظر صہبائی نے ڈرامہ سیریل’الف‘ کے اُس منظر کی ویڈیو کلپ پوسٹ کی ہے جس میں عبدالعلیٰ اپنے پوتے قلبِ مومن کو اچھے اور بُرے اعمال کے بارے میں فرقبتاتے نظر آرہے ہیں۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈرامے کا مرکزی کردار مومن اپنے دادا سے پوچھتا ہے کہ ’اچھے اعمال کونسے ہوتے ہیں؟‘

پوتے کے سوال پر دادا جواب دیتے ہیں کہ ’اچھے اعمال وہ ہوتے ہیں جنہیں کرنے کو آپ کا دل کہے اور جن کے بارے میں کسی سے پوچھنے کی زحمت نہ پڑے۔‘

منظر صہبائی نے ’الف‘ کی معنی خیز ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اچھے اعمال تو وہ ہوتے ہیں جو ہمارے بُرے اعمالوں کو مٹا دیتے ہیں۔‘

سینئر اداکار کی پوسٹ دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ آپ نے ایک بار ’الف‘ کی یاد تازہ کردی ہے جبکہ صارفین ’الف‘ میں منظر صہبائی کے کردار کی تعریف بھی کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ڈراما سیریل ’الف‘ کی کہانی ”قلب مومن“ اور ”مومنہ سلطان“ کی زندگی پر مشتمل ہے جس نے اپنی کہانی سے ناصرف دیکھنے والوں کے دل جیتے بلکہ پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی تاریخ میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ بھی قائم کیے۔

اِس ڈراما سیریل کی کہانی ’عمیرہ احمد ‘ نے لکھی ہے جبکہ اس کے ہدایتکار ’حسیب حسن‘ ہیں اور پروڈیوسر ثمینہ ہمایوں سعید اور ثنا شاہنواز ہیں۔

ڈراما سیریل ’الف‘ کے مرکزی کرداروں میں حمزہ علی عباسی، سجل علی، کبریٰ خان، احسن خان، منظر صہبائی، سلیم معراج، لبنیٰ اسلم، عثمان خالد بٹ اور دیگر شامل ہیں۔