گندم کی امدادی قیمت پر دیگر صوبے سندھ کی پیروی کریں، مصطفیٰ نواز کھوکھر

November 04, 2020

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ گندم کی امدادی قیمت کے معاملے پر پنجاب اور خیبرپختونخوا بھی سندھ کی پیروی کریں۔

لاہور میں کسانوں کے پرُامن احتجاج پر تشدد پر ردعمل دیتے ہوئے مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ حکومت نے جابرانہ اقدام اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے زراعت تباہ کی اب کسانوں سے احتجاج کا حق بھی چھین لیا گیا۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ تحریک انصاف حکومت نے پرُامن احتجاج کا راستہ بند کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسیوں نے پاکستان کو گندم امپورٹ کرنے والا ملک بنا دیا۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب، خیبرپختونخواہ بھی سندھ کی طرح گندم کی امدادی قیمت 2 ہزار مقرر کریں۔

پی پی چیئرمین کے ترجمان نے کہا کہ وفاقی حکومت کا امدادی قیمت 2 ہزار مقرر نہ کرنا کسان اور زراعت دشمنی ہے۔