میری طبیعت میں کافی بہتری آئی ہے، عثمان مختار

November 05, 2020

عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کا شکار ہونے والے شوبز انڈسٹر ی کے اُبھرتے ہوئے اداکار عثمان مختار کا کہنا ہے کہ اُن کی طبیعت میں پہلے سے کافی بہتری آئی ہے او ر وہ ہر گُزرتے دن کے ساتھ مضبوط بھی ہو رہے ہیں۔

کورونا وائرس کے پیش نظر از خود تنہائی اختیار کیے اداکار عثمان مختار نے اس مشکل گھڑی میں اُن کا حوصلہ بُلند کرنے کے لیے مختلف پیغامات بھیجنے پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مداحوں کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

عثمان مختار نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میںمداحو ں سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’آج میں نے تھوڑا وقت نکالا تاکہ میں اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرسکوں جنہوں نے میرے مشکل وقت میں مجھے ہمت دینے کے لیے دُعائیہ پیغامات جاری کیے اور اُس کے ساتھ ہی مجھے مثبت رہنے کی تلقین بھی کی۔‘

اداکار نے کہا کہ ’میر ے اُن تمام چاہنے والوں کا شکریہ جنہوں نے میرے لیے اپنا پیار دِکھایا۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ میں ہر ایک مداح کے کمنٹ کا جواب نہیں دیتا ہوں لیکن یقین کریں کہ میں اپنے تمام مداحوں کے کمنٹس اور پیغامات لازمی پڑھتا ہوں۔‘

اُنہوں نے اللّہ تعالیٰ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ’الحمداللّہ اب میں پہلے سے کافی بہتر محسوس کررہا ہوں اور میں ہر گُزرتے دن کے ساتھ جسمانی طور پر مضبوط بھی ہورہا ہوں۔‘

آخر میں عثمان مختار نے ایک مرتبہ پھر دُعاؤں اور مثبت پیغامات کے لیے اپنے چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عثمان مختار نے اپنی انسٹا اسٹور ی میں پیغام جاری کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا تھا کہ اُنہوں نے کورونا وائرس ٹیسٹ کروایا تھا جس کے نتائج مثبت آئے ہیں۔

عثمان مختار کے بعد نوجوان اداکار امیر گیلانی اور اداکارہ و ماڈل صحیفہ جبار بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں۔

دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 38 ہزار 875 ہو چکی ہےجبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 893 تک جا پہنچی ہے۔