• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس کے شکار عثمان مختار کس کیلئے ترس رہے ہیں؟

گزشتہ دنوں عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہونے والے پاکستان شوبز انڈسٹری کے اُبھرتے ہوئے اداکار عثمان مختار گھر سے باہر جانے کے لیے ترس گئے۔


سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر عثمان مختار نے اپنے قرنطینہ سے پہلے کی اپنی ایک یادگار تصویر پوسٹ کی ہے جس میں وہ پاکستان کے شمالی علاقے میں موجود ہیں جبکہ اداکار سیاہ رنگ کے لباس میں ملبوس ہیں۔

عثمان مختار نے انسٹاگرام پر تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے وہ دن بہت یاد آرہے ہیں جب میں عالمی وبا کورونا وائرس کے خوف کے بغیر گھر سے باہر جاتا تھا۔‘

اداکار کی پوسٹ دیکھنے کے بعد اُن کے مداحوں کی جانب سے اُن کی جلد صحتیابی کے لیے دُعائیہ پیغامات جاری کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عثمان مختار نے اپنی انسٹا اسٹور ی میں پیغام جاری کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا تھا کہ اُنہوں نے کورونا وائرس ٹیسٹ کروایا تھا جس کے نتائج مثبت آئے ہیں۔

اداکار نے اپنے مداحوں سے دُعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُنہیں اپنی دُعاؤں میں یاد رکھیں اور کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔

یاد رہے کہ عثمان مختار کو آخری بار مقبول ترین ڈرامہ سیریل’ثبات‘ میں دیکھا گیا تھا جو ایک نجی ٹی وی چینل سے نشر کیا گیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان میں کوروناوائرس کی صورت حال پھر سے بگڑنے لگی، روزانہ کیسز کی تعداد ایک ہزار سے بڑھ گئی، وزیراعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی برائے کووِڈ 19 کا اجلاس آج طلب کر لیا۔

تازہ ترین