لوئر دیر: طالبات کو کالج آنے پر بذریعہ خط دھمکی

November 06, 2020

خیبر پختون خوا کے مالاکنڈ ڈویژن کے ضلع لوئر دیر کے گورنمنٹ گرلز کالج ثمر باغ کی خواتین کو دھمکی آمیز خط کے ذریعے کالج آنے سے منع کیا گیا ہے۔

ایک ہفتہ قبل گرلز کالج پر نامعلوم افراد نے دھمکی آمیزخط چسپاں کر دیا تھا، خط میں طالبات کو کالج نہ آنے کے لیے کہا گیا تھا۔

اس حوالے سے خیبر پختون خوا کے اطلاعات کے معاونِ خصوصی کامران بنگش نے ’جیو نیوز‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس اور انتظامیہ کو اس پوسٹر کی تحقیقات کی ہدایات کر دی ہیں۔


انہوں نے مزید بتایا کہ کالج کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

خیبر پختون خوا کے اطلاعات کے معاونِ خصوصی کامران کا یہ بھی کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں پہلے ہی سے سیکیورٹی اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔