قادر بلوچ، ثنا اللّٰہ زہری کے پارٹی چھوڑنے کی وجوہات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، محمد زبیر

November 07, 2020


سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے ترجمان اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے عبدالقادر بلوچ اور ثناء اللّٰہ زہری کے پارٹی چھوڑنے کی وجوہات کو غیر حقیقی قرار دے دیا۔

ایک بیان میں محمد زبیر نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللّٰہ زہری نے پارٹی چھوڑنے کی جو بھی وجوہات بتائی ہیں، ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے جلسے سے قبل عبدالقادر بلوچ ہم سے ملے تھے، ملاقات میں طلال چوہدری، سینیٹر مصدق ملک اور میں موجود تھا۔

نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان نے کہا کہ اس موقع پر قادر بلوچ نے کہا کہ نواز شریف نے فوج سے متعلق جو کچھ بھی کہا ہے وہ اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ قادر بلوچ چاہتے تھے ثناء اللّٰہ زہری جلسے میں اسٹیج پر تشریف لائیں جبکہ سابق وزیراعلیٰ کی اسٹیج پر آمد سے اختر مینگل نے اعتراض کیا تھا۔

محمد زبیر نے مزید کہا کہ اختر مینگل اور ثناء اللّٰہ زہری کی آپس میں دشمنی ہے، وہ پہلے ہی کہہ چکے تھے ن لیگی رہنما اسٹیج پر موجود ہوں گے تو وہ شرکت نہیں کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر عدم اتحاد نہیں چاہتے تھے۔

نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان نے کہا کہ یہ بات حقیقت سے بالکل دور ہے کہ قادر بلوچ کو نواز شریف کے بیانیے سے کوئی اختلاف تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ عبدالقادر بلوچ کو اس بیانیے سے اختلاف ہوتا تو وہ مریم نواز کا استقبال کرنے کے لیے کوئٹہ میں موجود نہ ہوتے۔