جو بائیڈن مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور افغان چیلنجز سے واقف ہیں، شاہ محمود

November 08, 2020

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن امور خارجہ میں مہارت رکھتے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’ نیا پاکستان ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جو بائیڈن خارجہ پالیسی امور کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نومنتخب امریکی صدر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور افغانستان سے متعلق چیلنجز سے اچھی طرح واقف ہیں۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ افغانستان سے یک لخت انخلا سے متعلق بائیڈن کی سوچ مختلف ہوسکتی ہے، لیکن وہ افغان امن عمل کو سپورٹ کرنا چاہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جوبائیڈن اور اُن کی جماعت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بخوبی واقف ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا معترف ہے کہ پاکستان بطور حلیف کام کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام اور سیاسی حل کی امریکی خواہش کا پاکستان مددگار ہے۔