جیل جائیں گے مگر شادی ہالز بند نہیں کریں گے، بینکوئٹ اینڈ ہالز ایسوسی ایشن

November 09, 2020


بینکوئٹ اینڈ ہالز ایسوسی ایشن نے 20 نومبر سے شادی ہال بند کرنے سے انکار کردیا۔

شادی ہالز 20 نومبر سے بند کرنے کے حکومتی فیصلے پر بینکوئٹ اینڈ ہالز ایسوسی ایشن کا ردعمل بھی آگیا۔

بینکوئٹ اینڈ ہالز ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ ہم جیل جانے کے لیے تیار ہیں مگر شادی ہالز بند نہیں کریں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران صدر شارق میمن نے حکومتی فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔

نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر 20 نومبر سے 31 جنوری تک شادی ہالز بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

شارق میمن نے مزید کہا کہ شادی ہالز کی 7 ماہ کی بندش کے نقصانات کا ازالہ نہیں ہوا ہے اور دوبارہ پابندی لگادی گئی ہے، جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔

بینکوئٹ اینڈ ہالز ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ ہم جیل جانے کے لیے تیار ہیں مگر شادی ہالز بند نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شادی ہال بند ہوئے تو بے روزگاری بڑھے گی، غریب آدمی 250 افراد سے زیادہ کی تقریب نہیں کررہا۔

صدر بینکوئٹ اینڈ ہالز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم عمران خان سے فیصلہ واپس لینے کی درخواست بھی کی۔