امریکا میں بھنگ کے استعمال کو قانونی قرار دینے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا، سروے

November 09, 2020

امریکا میں بھنگ کے استعمال کو قانونی قرار دینے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا، اس مطالبے کے حق میں رائے دینے والے امریکیوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی شہری بھنگ کے استعمال کو قانونی حیثیت دینے کے خواہشمند ہیں۔

گیلپ کی جانب سے امریکا میں اسی سے متعلق ایک سروے کیا گیا جس میں حیرت انگیز طور پر یہ نتیجہ سامنے آیا کہ تقریباً 68 فیصد شہری اسے قانونی شکل دینے کے خواہشمند ہیں۔

گیلپ نے بتایا کہ گزشتہ برس بھی اسی سے متعلق سروے کیا گیا تھا جس میں 66 فیصد افراد اس ڈرگ کے استعمال کو قانونی قرار دینے کا مطالبہ کرنے والوں میں شامل تھے۔

امریکا میں تقریباً 35 ریاستیں ایسی ہیں جو اس ڈرگ کو علاج معالجے کے استعمال کرنے کی منظوری دے چکی ہیں۔

تاہم اب اس سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 1970 کے عشرے میں امریکا میں اس ڈرگ کو قانونی شکل دینے کا مطالبہ والوں کی تعداد 12 فیصد تھی جو 2020 میں اب تک بڑھ کر 68 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

اس حوالے سے گیلپ کا کہنا ہے کہ جن لوگوں سے چرس سے متعلق سوالات کیے گئے ہیں انھیں، جنس، عمر، تعلیم اور ان کی آمدنی کے اعتبار سے مخلتف گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔

ساتھ ساتھ یہ بھی بتایا گیا کہ ڈیموکریٹس کی حمایت کرنے والے 83 فیصد افراد کا یہ کہنا ہے کہ وہ اسے قانونی شکل دینے کی حمایت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ امریکی انتخابات میں ڈیموکریٹس کے امیدوار جو بائیڈن نے ہی کامیابی حاصل کی ہے۔