گرفتار نون لیگی MPA خواجہ عمران نذیر کو جیل بھیجنے کا حکم

November 10, 2020

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نوازکی لاہور میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے آفس میں پیشی کے موقع پر ہونے والی ہنگامہ آرائی اور کارِ سرکار میں مداخلت کے کیس میں مسلم لیگ نون کے رہنما و رکنِ پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

اس سے قبل خواجہ عمران نذیر کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے ایڈمن جج ارشد حسین بھٹہ کے روبرو پیش کیا گیا۔

دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے خواجہ عمران نذیر سے کی گئی تفتیش کی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ نون لیگی رہنما خواجہ عمران نذیر کو ہفتے کے روز گرفتار کیا گیا تھا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملزم کے موبائل سے ہنگامہ آرائی کی پلاننگ کا ریکارڈ اکٹھا کرنا ہے۔

خواجہ عمران نذیر کی پیشی کے موقع پر انسدادِدہشت گردی کی عدالت لاہور کے اطراف سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ خواجہ عمران نذیر کو ہفتے کو لاہور میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے آفس کے باہر ہنگامہ آرائی کے کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔