مولانا عادل شہید کے قاتلوں کی گرفتاری پر انعام

November 11, 2020


حکومتِ سندھ کی جانب سے جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عادل خان شہید کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے انعام رکھا گیا ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری کیئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق مولانا ڈاکٹر عادل خان شہید کے قاتلوں کی اطلاع دینے والے کو 50 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی منظوری کے ساتھ انعامی رقم کا اعلان کیا۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ مولانا ڈاکٹر عادل خان شہید کے قتل کے ملزمان کی اطلاع کسی بھی قریبی تھانے میں دی جا سکتی ہے۔

سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عادل خان شہید کو گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں مولانا ڈاکٹر عادل خان کے ساتھ ان کے ڈرائیور بھی شہید ہو گئے تھے۔