• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں گزشتہ شب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہونے والے جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل خان کو نمازِ جنازہ ادا کی ادائیگی کے بعد ان کے والد کے پہلو میں سپر دِ خاک کر دیا گیا۔

اس سے قبل جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل خان اور ان کے ڈرائیور مقصود کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔

مولانا عادل شہید اور ان کے ڈرائیور مقصود کی نمازِ جنازہ آج صبح جامعہ فاروقیہ فیز 2 حب ریور روڈ میں ادا کی گئی۔

نمازِ جنازہ میں علمائے کرام کے علاوہ جامعہ فاروقیہ کے اساتذہ، طلبہ اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مولانا عادل کے بھائی عبید اللّٰہ خالد نے نمازِ جنازہ پڑھائی، مولانا عادل کو جامعہ فاروقیہ کے احاطے میں ان کے والد مولانا سلیم اللّٰہ خان کے پہلو میں سپردِ خاک کیا گیا۔

مولانا عادل خان شہید کی نمازِ جنازہ میں امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے بھی وفد کے ہمراہ شرکت کی۔

سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا راشد محمود سومرو، شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی، مولانا رفیع عثمانی، مولانا حنیف جالندھری، مہتمم جامعہ بنوریہ مفتی نعمان نعیم و دیگر علماء نے بھی مولانا عادل خان شہید کی نمازِ جنازہ ادا کی۔


نمازِ جنازہ کے موقع پر جامعہ فاروقیہ اور اطراف میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیئے گئے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں دہشت گردوں نے گھات لگا کر مولانا عادل خان کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود مولانا ڈاکٹر عادل خان اور ان کے ڈرائیور شہید ہو گئے تھے۔

تازہ ترین