امریکا: پہلی بار کورونا وائرس کے ریکارڈ 1 لاکھ 35 ہزار کیسز رپورٹ

November 11, 2020

امریکا میں کورونا وائرس کی صورتِ حال بد سے بدتر ہو گئی، ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران پہلی مرتبہ 1 لاکھ 35 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران ریاست کیلی فورنیا میں اسپتالوں میں زیرِعلاج کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

میکسیکو میں 5 ہزار 746 نئے کورونا کیسز کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 10 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 2 لاکھ 45 ہزار 943 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1 کروڑ 5 لاکھ 68 ہزار 714 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے امریکا میں 37 لاکھ 20 ہزار 254 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 19 ہزار 374 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 66 لاکھ 2 ہزار 517 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 کروڑ 18 لاکھ 33 ہزار 34 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 12 لاکھ 79 ہزار 917 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 41 لاکھ 47 ہزار 650 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 94 ہزار 958 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 کروڑ 64 لاکھ 5 ہزار 467 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔