پی آئی اے ملازمین کو رضاکارانہ پیکیج دیکر رخصت کرینگے، سی ای او ارشد ملک

November 12, 2020

اسلام آباد ( وقائع نگار )پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک نےکہاہے کہ پی آئی اے ملازمین کو رضاکارانہ پیکیج دیکررخصت کرینگے،کوئی جادو پی آئی اے کو نہیں بچاسکتا اس کا علاج ایک مربوط حکمت عملی پر عملدرآمد ہے، ادارے کی بہتری کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔پی آئی اے ملازمین کے نام اپنے پیغام میں سی ای او کا کہنا تھا2019میں پی آئی اے کے معاملات درستگی کی جانب گامزن ہوچکے تھے، آج ہمیں اس حقیقت کو تسلیم کرنا ہوگا کہ کوویڈ 19 کی وجہ سے ایوی ایشن انڈسٹری مخدوش صورتحال سے دوچار ہے،2023 تک حالات کی بہتری کا امکان انتہائی کم ہے، بیشتر ائرلائنز اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں 25 سے 50 فیصد کمی کرچکی ہیں،ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ بہت جلد ایک وی ایس ایس اسکیم لے کر آئیں گے جس میں تمام مستقل ملازمین کو ایک رضاکارانہ پیکیج دے کر ادارے سے رخصت ہونے کا سنہری موقع دیں گے، وہ تمام شعبے جن کا کور بزنس سے کوئی تعلق نہیں ، ان کو آؤٹ سورس کرنے کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ ان تمام اقدامات کا مقصد منافع کما کر ادارے کو دیوالیہ ہونے سے بچانا ہے، وہ محنت کش جو ایمانداری سے اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں انہیں فکرمند ہونے کی قطعی ضرورت نہیں ۔ارشد ملک نے کہا کہ کوویڈ 19 کے سبب جہاں دیگر ائرلائنیں ملازمین کو برخاست کررہی تھیں تو اس دوران بھی پی آئی اے انتظامیہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کرتی رہی۔