PDM کا غیر فطری اتحاد منطقی انجام کی جانب بڑھ رہا ہے، عثمان بزدار

November 12, 2020


وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کہتے ہیں کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا غیر فطری اتحاد اپنے منطقی انجام کی جانب بڑھ رہا ہے۔

لاہور سے جاری کیئے گئے ایک بیان میں پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ غیر فطری اتحاد اپوزیشن رہنماؤں نے اپنے کرپشن کے داغ چھپانے کیلئے بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد جس عجلت میں بنا، اتنی ہی تیزی سے یہ ختم ہو رہا ہے، ماضی میں قومی وسائل بے دردی سے لوٹنے والوں کے چہرے قوم کے سامنے آ چکے ہیں۔

پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سابق حکومتوں کے دور میں لوٹ مار کر کے ذاتی تجوریاں بھری گئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان نے کرپشن کے بڑے بڑے بت بے نقاب کیئے ہیں۔

سردار عثمان بزدار کا یہ بھی کہنا ہے کہ 22 کروڑ عوام جانتے ہیں کہ آج ملک میں شفاف ترین حکومت ہے۔