ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے، فردوس اعوان

November 14, 2020


وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا بیان سب کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت ’را‘ کے ذریعے پاکستان کی سلامتی کے ساتھ کھیل رہا ہے، نریندر مودی کی انتہا پسندانہ سوچ ایک نہ ختم ہونے والی ذہنیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم شہدا کے خون کے بھی مقروض ہیں، اپوزیشن جماعتوں کو فی الفور اپنے اداروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا چاہیے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ بارڈر پر جو جوان کھڑا ہے، ہم نے اس کے ساتھ کھڑے ہونا ہے، ہمارے ادارے بھارت کی توپوں کو خاموش کرانے میں مصروف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا دہشت گردی کا بیانہ پوری دنیا میں بے نقاب ہورہا ہے، ہم نئی دہلی کو اُس کی زبان میں جواب دینے کو تیار ہیں، وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے ترجمان بن کر ان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

فردوس اعوان نے یہ بھی کہا کہ اسلام کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنا دین برحق کے چہرے کو مسخ کرنے کی کوشش ہے، دنیا کو پیغام جانا چاہیے نبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی ناموس پر ہماری جان بھی قربان ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرانس ہو یا پھر کوئی کتنا بھی بڑا ہو، جو گستاخی کرے گا اس کو پاؤں کے نیچے روندیں گے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ اقتدار ووٹ سے تو مل سکتا ہے لیکن چور دروازے سے نہیں، مریم نواز آئین و قانون سے ماورا ہوکر اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نتائج کا فیصلہ آصف زرداری کی سوچ نے نہیں کرنا ہے۔