آلودگی میں دہلی پہلے، لاہور دوسرے، کراچی چوتھے نمبر پر

November 15, 2020

بھارت کا دارالحکومت دہلی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے جہاں آلودہ زرات کی مقدار 352 پرٹیکیولیٹ میٹرز تک جا پہنچی ہے۔

دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور دوسرے جبکہ پاکستان کا آبادی و رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا شہر کراچی چوتھے نمبر پر ہے۔

یو ایس ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی کی فضا میں پرٹیکیولیٹ میٹرز کی مقدار 188 ہے۔

لاہور کی فضا بھی انتہائی مضرِصحت ہے جہاں کی فضا میں پرٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 293 تک جاپہنچی ہے۔

لاہور میں اسموگ کا سب سے زیادہ تناسب دلوخورد میں ریکارڈ کیا گیا، محکمۂ تحفظِ ماحولیات کے مطابق دلوخورد میں رات کے 5 گھنٹوں میں ہوا کا معیار اوسطاً 425 رہا۔

ترجمان محکمۂ تحفظِ ماحولیات کا کہنا ہے کہ دیلو خورد کے علاوہ فیروز پور روڈ سے 22 کلو میٹر گجومتہ اور ٹاؤن ہال کے گرد و نواح میں بھی ہوا کا معیار موافق نہیں۔

ایئر کوالٹی انڈکس کے مطابق دونوں مقامات پر ہوا کا تناسب بالترتیب 261 اور 226 بتایا گیا ہے۔

اسموگ آپریشن کے دوران 114 صنعتی یونٹ بند اور 10 بس اڈوں کو وارننگ جاری کی گئی ہے، جبکہ دھواں چھوڑنے والی 102 گاڑیاں بند کی گئی ہیں۔

اب تک پنجاب کے 7 ہزار 530 بھٹوں میں سے 1268 کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جا چکا ہے، لاہور میں 106 بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی تا حال باقی ہے۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں ماحولیاتی آلودگی کا ایک بڑا سبب اینٹوں کے بھٹوں کو قرار دیا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق باہر نکلتے ہوئے ماسک کا استعمال کیا جائے، گھر کی دروازے کھڑکیاں بند رکھیں۔