کوئٹہ: مرغی، بکرے، گائے کا گوشت مہنگا

November 15, 2020

کوئٹہ میں مرغی، بکرے اور گائے کے گوشت کی مہنگے داموں فروخت جاری ہے جس میں آئے دن مزید اضافہ ہی ہو رہا ہے۔

کوئٹہ میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں 30 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت 330 سے بڑھ کر 360 روپے تک پہنچ گئی۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں مرغی کا گوشت 2 روز قبل 330 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا تھا، رواں ماہ کوئٹہ میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں یہ تیسری بار اضافہ ہوا ہے۔

کوئٹہ میں بکرے اور گائے کے گوشت کی بھی اضافی قیمت پر فروخت جاری ہے، قصابوں نے سرکاری نرخ نامہ نظر انداز کر دیا ہے۔

بکرے کا گوشت سرکاری قیمت سے 300 روپے کلو زائد قیمت پر بیچا جا رہا ہے جس کی سرکاری قیمت 850 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی۔

شہر میں گائے کا گوشت سرکاری قیمت سے 120 سے 170 روپے فی کلو زائد قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے، گائے کے بغیر ہڈی گوشت کی سرکاری قیمت 480 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی۔

کوئٹہ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ مرغی، بکرے اور گائے کے گوشت کی قیمت کے کنٹرول کے لیے کوئی میکنیزم نہیں ہے۔

شہریوں نے صوبائی حکومت اور انتظامیہ سے سرکاری ریٹ پر عمل درآمد کرانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔