پاکستانی بچی کاقتل، اسپین کا پرچم سرنگوں

April 19, 2016

شفقت علی رضا...بارسلونا کے نواحی گائوں سانت بوئی دے یوبریگات میں نفسیاتی مریضہ ماں کے ہاتھوں 4سالہ بچی کے قتل پر بلدیہ سانت بوئی نے 2روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔

ان دو دنوں میں میونسپلٹی کی تمام عمارتوں پر اسپین کا قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ آج صبح 200 سے زائد افراد نے بلدیہ کے دفتر کے باہر اکٹھے ہو کر 5 منٹ کی خاموشی اختیار کی اور بچی کے قتل پر دکھ کا اظہار کیا۔

قتل کی ملزمہ کو پولیس حکام نے عدالت کے سامنے پیش کرنے سے قبل نفسیاتی ڈاکٹر کو دکھانے کا اعلان کیا ہے جو ملزمہ کی نفسیاتی سطح کے بارے میں عدالت کو آگاہ کرے گا،جس کے بعد ہی عدالت ماں کو جیل یا نفسیاتی مریضوں کے سینٹر میں بھجوانے کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔

پولیس حکام نے ملزمہ کے دیگر بچوں کو سانت بوئی میں ہی مقیم ان کے رشتہ داروں کے پاس رہنے کیلئے اجازت دے دی ہے۔