ڈیانا سے ایک بار پھر محبت میں گرفتار ہونے کو تیار ہوں: جمائما

November 17, 2020

برطانوی فلم پروڈیوسر جمائما گولڈاسمتھ کا کہنا ہے کہ وہ ایک بار بھر لیڈی ڈیانا سے محبت میں گرفتار ہونے کو تیار ہیں۔

انہوں نے اپنے حالیہ ٹوئٹ میں نیٹ فلکس پر مشہور سیریز ’دا کراؤن‘ کے چوتھے سیزن کی ریلیز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک بار پھر لیڈی ڈیانا سے محبت کرنے کیلئے تیار بیٹھی ہوں۔

انہوں نے سیریز میں لیڈی ڈیانا کا مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ ایما کورن کو بھی جاندار اداکاری کرنے پر داد دی۔

جمائما نے لکھا کہ یہ آج ہی منظر عام پر آیا ہے اور میں بالترتیب اس کی پانچوں اقساط دیکھ چکی ہوں، یہ شاندار سیریز ہے۔

نیٹ فلیکس کی مقبول سیریز دی کراؤن کا چوتھا سیزن مداحوں کے بے تحاشہ انتظار کے بعد سامنے آگیا، سیریز میں شہزادی ڈیانا کا کردار 24 سالہ اداکارہ ایما کورن ادا کر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ امریکی ٹیکنالوجی اور فلم اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس پر مشہور سیریز دا کراؤن کا چوتھا سیزن ریلیز کردیا گیا ہے، چوتھے سیزن میں شہزادی ڈیانا کی شاہی خاندان میں شمولیت کو موضوع بنایا گیا ہے۔

’دا کراؤن‘ کے مذکورہ سیزن میں ڈیانا کو ایک نو عمر کے طور پر دکھایا گیا ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ شہزادہ چارلس کی منگیتر کی حیثیت سے سے خود کو تنہا کر لیتی ہیں، جب اس جوڑے نے سنہ 1981 میں شادی کی تھی تب ڈیانا کی عمر 20 سال کی تھی جبکہ چارلس کی عمر 32 سال تھی۔

’دا کراؤن‘ کے پچھلے سیزن میں ولی عہد شہزادہ چارلس کو ایک حساس نوجوان کے طور پر دکھایا گیا تھا لیکن ڈیانا کے شوہر کی حیثیت سے ان کے کردار میں بے وفائی کا عنصر بھی نمایاں کیا گیا ہے۔

سال 2016 میں پہلی بار نشر ہونے والے اس سیریز نے متعدد ایوارڈز جیتے ہیں جن میں 3 گولڈن اور 10 ایمی ایوارڈز شامل ہیں۔