نک جونس، پریانکا کے عشق میں کیسے گرفتار ہوئے؟

November 18, 2020

بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کے شوہر اور امریکی گلوکار نک جونس نے پہلی مرتبہ اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ’اُن کی محبت کی کہانی میں پہلا قدم میری (نک جونس کی) جانب سے اُٹھایا گیا تھا۔‘

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک امریکی شو میں نک جونس کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا جہاں انہوں نے پہلی مرتبہ اپنی اور پریانکا چوپڑا کی لو اسٹوری سے متعلق بات کی اور بتایا کہ وہ کیسے پریانکا چوپڑا کے عشق میں مبتلا ہوئے تھے۔

نک جونس نےاپنے انٹرویو میں بتایا کہ ہماری محبت کی کہانی میں پہلا قدم میری طرف سے اُٹھایا گیا تھا۔ پہلی مرتبہ میں نے پریانکا کو میسج کیا تھا اور مزے کی بات یہ ہے کہ میسج کرنے سے قبل ہم دونوں ایک دوسرے سے کبھی نہیں ملے تھے، میسج پر ہی ہمارے درمیان بات چیت کا سلسلہ شروع ہوا۔

امریکی گلوکار نے بتایا کہ ہمارے درمیان بات چیت کا سلسلہ چھ مہینے تک جاری رہا جبکہ اس دوران ہماری ایک مرتبہ بھی ملاقات نہیں ہوئی، چھ ماہ بعد ہم پہلی بار ایک دوسرے سے ایک دوست کی حیثیت سے ملے، پھر آہستہ آہستہ ہم دونوں ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے۔

انہوں نے بتایا کہ پریانکا اور میری پہلی ملاقات میٹ گالا میں ہوئی تھی، اُس وقت ہم دونوں صرف دوست تھے اور ہم دونوں میں سے کسی کو بھی اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ کچھ سال بعد ہماری زندگی اتنی بدل جائے گی۔

میزبان کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں امریکی گلوکار نے کہا کہ کچھ مہینے ملاقات کے بعد ہی ہم دونوں نے ایک دوسرے سے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا اور پھر جلد ہی ہماری منگنی ہوگئی۔

دوسری جانب پریانکا چوپڑا نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ ’جب میرے اور نک کے درمیان بات چیت کا باقاعدہ آغاز ہوا تو میں کافی خوش ہوئی، یہ میری زندگی کا ایک نیا اور حسین باب تھا جس کی مجھے عادت ہوگئی تھی، اس سے قبل میں نے خود کو اتنا خوش کبھی نہیں دیکھا تھا۔ ‘

واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس نے سال 2018 میں یکم دسمبر کو شادی کی تھی۔ دونوں سوشل میڈیا پر کافی سرگرم رہتے ہیں اور اکثر اپنی تصویروں کو شیئر کرتےدکھائی دیتے ہیں۔ حال ہی میں پریانکا نےسوشل میڈیا پر اپنے کروا چوتھ کی ایک تصویر پوسٹ کی تھی۔

سوشل میڈیا پر شیئر کردہ تصویر میں پریانکا چوپڑا ٹریڈیشنل دیسی لُک میں نظر آرہی تھیں۔ اُنہوں نے لال رنگ کی ساڑی اور ماتھے پر لال رنگ کا سندور لگایا ہوا تھا جس میں وہ انتہائی خوبصورت لگ رہی تھیں۔

بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار نک جونس نے ہندو اور عیسائی مذہب دونوں کے مطابق شادی کی رسمیں ادا کی تھیں۔